انسداد ڈینگی

پرنسپل جنرل ہسپتال انسداد ڈینگی کیلئے متحرک، عوام میں احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹس تقسیم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے ماحولیاتی صحت (انوائرنمنٹل ہیلتھ) کا تحفظ ناگزیر ہے جس کے لئے پوری کمیونٹی کو اپنے حصے کی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں نافذ کر کے بہت سے امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، کھانا کھانے سے پہلے اور رفع حاجت کے بعد صابن سے ہاتھ دھونے کو یقینی بنایا جائے توکسی ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی جبکہ علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات کو بھی بچایا جا سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے آگاہی مہم کے سلسلے میں لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ سے متعلق عوام میں احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، پروفیسر فہیم افضل، ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر جعفر حسین، ڈاکٹر عبدالعزیز، ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی بخار میڈیکل کے ساتھ ساتھ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے جس پر قابو پانے کے لئے شہریوں کو اپنے گھروں اور اردگر کے ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش صاف پانی میں ہوتی ہے لہذا شہریوں کو چاہیے کہ وہ گھروں کی چھتوں، کھلے برتنوں،گملوں،واٹر کولر زاورضائع شدہ ٹائرز میں پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے احکامات کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا افراد کی تشخیص و علاج معالجے کی سہولیات مفت دستیاب ہوں گی اور ماضی کی طرح اس سال بھی پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے سیمینار اور واکس کا سلسلہ بھی جا ری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں