چوہدری محمد سرور

پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات معمول پر آ جائیں تو خطے کو فائدہ ہو سکتا ہے’ چوہدری محمد سرور

لاہور (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر و سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات معمول پر آ جائیں تو خطے کو فائدہ ہو سکتا ہے، تجارتی تعلقات سے دونوں ملکوں کی معیشت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

اجمیر شریف کے سجادہ نشین اور قطری وفد کی پاکستان مسلم لیگ ہائوس آمد ہوئی جہاں پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر و سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ سجادہ نشین اجمیر شریف خواجہ پیر سید بلال حسین چشتی اور قطری وفد نے سابق گورنر پنجاب سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں قطر آرمی کے ریٹائرڈ بریگیڈئر شیخ محمد اور شیخ عمر بادشاہ شامل تھے۔

ملاقات میں صدر لاہور میاں وحید، جنرل سیکرٹری لاہور ندیم پہلوان اور نازک خٹک بھی موجود تھے ۔سجادہ نشین اجمیر شریف نے چوہدری سرور کو بابا فرید گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر چڑھائی جانے والی چادر کی زیارت کروائی۔ سجادہ نشین اجمیر شریف نے گورنر پنجاب کو مزار پر حاضری کی دعوت دی اور قطری وفد کی جانب سے چوہدری سرور کو قطر کے دورہ کی دعوت دی گئی ۔

سجادہ نشین اجمیر شریف نے کہا کہ ہم پر سال بابا فرید گنج شکر کے مزار پر حاضری کے لئے پاکستان آتے ہیں۔ سجادہ نشین اجمیر شریف نے اجمیر شریف میں ترقیاتی کاموں میں مدد فراہم کرنے پر سابق گورنر چوہدری سرور کا شکریہ ادا کیا ۔چوہدری محمد سرور نے اجمیر شریف جانے والے زائرین کو ویزہ کی فراہمی میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

اس موقع پر چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان معاملات معمول پر آ جائیں تو خطے کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ تجارتی تعلقات سے دونوں ملکوں کی معیشت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں