وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں ، مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا،وزیر قانون

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے سینٹ کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں ، مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا۔

جمعرات کو سینٹ میںسینیٹر مشتاق احمد نے توجہ دلائونوٹس میں کہاکہ عافیہ صدیقی کی امریکی جیل میں حالت انتہائی تشویشناک ہے ،عافیہ صدیقی کے خلاف کوئی ٹھوس الزامات نہیں ،عافیہ صدیقی کو اس بدنام زمانہ جیل سے منتقل کروایا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ میں ٹی ایل پی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے یہ معاملہ اٹھایا۔

انہوںنے کہاکہ حکومت نے ابھی تک ٹی ایل پی معاہدہ پر عمل درآمد نہیں کیا۔ انہوںنے کہاکہ عافیہ صدیقی کے اوپر ملاقات کی پابندی لگائی گئی ہے۔توجہ دلائونوٹس کے جواب میں وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی اس حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، وزیر خارجہ اس معاملے پر ایوان میں پالیسی بیان دیں گے، پاکستانی شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، عافیہ صدیقی پاکستانی شہری ہیں اور ان کا معاملہ قانون کے مطابق حل کرنا چاہیے۔

ماضی میں بھی حکومتوں نے اس حوالہ سے ہر ممکن اقدامات کئے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے دورہ امریکا کے دوران ویزا کے عمل میں مکمل تعاون فراہم کیا گیا۔ دلائو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے تمام یونیورسٹیوں کو خط لکھا جاتا ہے کہ جتنے بھی غیر مسلم تہوار ہیں وہ ہماری شناخت نہیں تاہم بعد میں یہ خط واپس لے لیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں بھی پاکستان کا حصہ ہیں،پاکستان کے جھنڈے میں سبز رنگ مسلمانوں اور سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

جواب میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ پاکستان میں قائداعظم کے وژن کے مطابق اقلیتوں کو حقوق حاصل ہیں، آئین میں درج ہے کہ تمام پاکستانی شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ برداشت اور ہم آہنگی کے ساتھ رہنا ہے، اسلامی تعلیمات میں دوسرے مذاہب کے احترام کا درس دیا گیا ہے، تمام اقلیتیں قابل احترام اور قابل فخر پاکستانی ہیں، ملک کی ترقی و خوشحالی میں ان کا اہم کردار ہے، ہم ایسا پاکستان بنانے کے خواہاں ہیں جس میں سب کو مساوی حقوق حاصل ہوں گے، اقلیتوں کے تہواروں میں شرکت کر کے ہم یہ پیغام دیتے ہیں ہم سب پاکستانی متحد ہیں۔

اجلاس کے دور ان اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی بے گناہ ہیں، ان سے ملاقاتوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، حکومت کو اس ملاقات کے حوالہ سے اقدامات کرنے چاہیے اور سینیٹ کو بھی ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پر امریکی حکام کو خط لکھنا چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ امریکی حکومت نے 4 اگست کوان سے ملاقات کی اجازت دی تھی، پھر اچانک انکار کر دیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے شہریوں کو دوسرے ممالک کے شہریوں کے مساوی حقوق ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی بے گناہ ہیں، انہیں کئی سال سے ناکردہ گناہ کی سزا دی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں