شہباز شریف

بلوچستان کے وسائل پرپہلا حق صوبہ کے عوام کاہے، وزیراعظم

اسلام آباد ( گلف آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ بلوچستان کے وسائل پرپہلا حق صوبہ کے عوام کاہے، ترقی کے حوالہ سے میرانظریہ لوگوں کے معیارزندگی کوبلند کرنے سے جڑاہے، بلوچستان اورپاکستان کامستقبل محفوظ اورذمہ دارہاتھوں میں ہے۔

جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ روز انہوں نے وفاقی وزرا ، آرمی ونیول چیف، گورنر اوروزیراعلیٰ بلوچستان اورحکومتی افسران کے ہمراہ گوادرمیں اہم دن گزارا، ہم نے ترقی، بنیادی ڈھانچہ اورتعلیمی منصوبوں کے ایک سلسلہ کا سنگ بنیادرکھا ہے جس سے علاقہ کی تقدیربدل جائیگی۔

وزیراعظم نے کہاکہ اکادکا کوششوں کے باوجود بلوچستان ہماری اجتماعی غفلت کا نشانہ بناہے، اس صوبہ نے دیگروفاقی اکائیوں کے مساوی ترقی نہیں کی ہے جوباعث شرم ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ترقی کیلئے ان کانظریہ لوگوں کے معیارزندگی کوبلند کرنے سے جڑاہے،لوگوں کی سماجی اورمعاشی ترقی وبہبودہی حقیقی ترقی کا ضامن ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان کے وسائل پرپہلا حق صوبہ کے عوام کاہے، جب ان کے اوران کے بچوں کی زندگی میں بہترتبدیلی آئیگی تو وہ ترقی کے مالک اورحصہ داربن جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ سال آنیوالے بدترین سیلاب کے دوران انہوں نے بلوچستان کے تمام متاثرہ علاقوں کادورہ کیا اورحالات کاخودمشاہدہ کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ لیٹ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران بلوچستان کے نوجوانوں سے ان کی ملاقات ان کے دورے کا ایک اہم حصہ تھا۔ ان نوجوانوں کے چمکتے اوردھمکتے چہروں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بلوچستان اورپاکستان کامستقبل محفوظ اورذمہ دارہاتھوں میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں