چوہدری محمد سرور

پاکستانی بزنس کمیونٹی خود بھی اورمقامی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں ‘ چوہدری سرور

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور اور لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان کی برطانیہ میں پارٹی رہنمائوں ، پاکستان سے تعلق رکھنے والی بزنس کمیونٹی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں جاری ہیں ۔

چوہدری محمد سرور اور محمد ندیم پہلوان نے گزشتہ روز پاکستانی تاجرملک عمر کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی اور پاکستان کے سیاسی اور معاشی حالات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں ، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اس لئے پاکستانی بزنس کمیونٹی سے درخواست ہے کہ نہ صرف خود پاکستان میں سرمایہ کاری کریں بلکہ یہاں کے مقامی سرمایہ کاروں کو بھی اس کے لئے راغب کریں ۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی رہنمائی میں مثبت سیاست کو فروغ دے رہے ہیں اور ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میں بھرپور نتائج دیں گے ۔ محمد ندیم پہلوان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ترسیلات زر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے پاکستانی بزنس کمیونٹی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے ۔حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سرخ فیتہ دور کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی اپنے ملک کے نوجوانوں سے بزنس آئیڈیز شیئر کریں تاکہ ہماری نوجوان نسل اس پر عمل کر کے درست سمت حاصل کر سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں