'وہاب ریاض

احسن رمضان نے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا، ہمارے ہیرو ہیں،پذیرائی ہم سب پر فرض ہے’وہاب ریاض

لاہور( گلف آن لائن)وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان وہاب ریاض جمعة المبارک کوصوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کے ہمراہ ورلڈ اور ایشین سنوکر چمپئن احسن رمضان کے گھر گئے اور افسوسناک واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا، اس موقع پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا،سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ ، ڈائریکٹرسید عمیر حسن،احسن رمضان کے کوچ عمران نوشاہی بھی موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر کھیل وامور نوجوانان پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ احسن رمضان ہمارے قومی ہیرو ہیں، ان کی پذیرائی ہم پر فرض ہے، انہوں نے کم عمری میں پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا ہے جس پر ہم سب کو فخر ہے، انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ کی پولیس انکوائری شروع کردی گئی ہے جس کی رپورٹ 5اگست کو پیش کردی جائے گی ،واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی،مشیر کھیل وامور نوجوانان وہاب ریاض نے مزید کہا ہے کہ احسن رمضان کی ملک کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان سے ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں، احسن رمضان کو سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ دیدی گئی ہے تاکہ وہ انٹرنیشنل ایونٹس کی بھرپور تیاری کرسکیں، سنوکر ٹیبل بھی دے رہے ہیں، دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، ہم احسن رمضان کے ساتھ کھڑے ہیں ،ہمارا تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں