سرگئی لافروف

یوکرین بحران پرآزاد اورغیرجانبدارموقف برقرار رکھا جائے گا،چین کی روس کو یقین دہانی

ماسکو،بیجنگ( گلف آن لائن)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لافروف سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور انھیں یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ چین یوکرین جنگ پر آزاد انہ اور غیر جانبدارانہ موقف برقرار رکھے گا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں وزرا خارجہ نے یوکرین بحران کے علاوہ باہمی دل چسپی کے دیگر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

وانگ یی نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین بحران پر چین ایک آزاد اور غیر جانبدارانہ موقف برقرار رکھے گا، ایک معروضی اور منطقی آواز اٹھائے گا، امن مذاکرات کو فعال طور پر فروغ دے گا اور کسی بھی بین الاقوامی کثیرالجہت موقع پر مسئلہ کے سیاسی حل کے لیے کوشاں ہو گا۔

سرگئی لافروف نے اس کے جواب میں کہا کہ روس یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کے بارے میں چین کے مقف سے مکمل طور پر متفق ہے۔ وہ اس سلسلے میں چین کے تعمیری کردار کو سراہتا ہے اور اس کا خیرمقدم کرتا ہے۔

روسی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ دونوں وزرا نے مختلف بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں یوکرین کے بحران کے ساتھ ساتھ ماسکو اور بیجنگ کے درمیان دو طرفہ تعلقات بھی شامل ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یوکرین کے بحران سمیت متعدد گرم علاقائی موضوعات پر بات چیت کی گئی۔تاہم اس بات چیت کی تفصیل کی وضاحت نہیں کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں