،میاں زاہد حسین

نگران وزیراعظم کی پالیسیوں کے تسلسل کی یقین دہانی خوش آئند ہے،میاں زاہد حسین

کراچی (گلف آن لائن)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی جانب سے سابقہ حکومت کی پالیسیاں جاری رکھنے کی یقین دہانی بروقت اور خوش آئند ہے۔ اس یقین دہانی سے کاروباری برادری نے سکھ کا سانس لیا ہے جو اہم معاشی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی کے امکان سے خوفزدہ تھی۔

سابقہ حکومت کی پالیسیوں پر عمل درامد کا مطلب یہ بھی ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ڈی ریل نہیں کیا جائے گا جو پاکستان کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے ضروری ہے تاہم آئی ایم ایف کے نومبر میں ہونے والے جائزے کے لئے مطلوبہ اصلاحات بروقت مکمل کی جائیں ورنہ ائی ایم ایف پروگرام ڈی ریل ہو جائے گا اور ملکی مسائل بڑھ جائیں گے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کے حلف اٹھاتے ہی ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور سٹاک مارکیٹ میں 400 سے زیادہ پوائنٹس کی کمی تشویش ناک ہے۔ برامدات اور ترسیلات زر میں کمی کا رحجان بھی جاری ہے جو معاشی بحران کے گہرا ہونے کی علامات ہیں۔

ضرورت ہے کہ وفاقی کابینہ فوری طور پر تشکیل دی جائے۔ نگران وزیراعظم کے مطابق وہ بجلی کے شعبہ میں اصلاحات اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے خواہشمند ہیں جبکہ ڈی ریگولیشن کے ذریعے اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے میں سنجیدہ ہیں اور وہ سابقہ حکومت کی سرمایہ کاری کے لئے بنائی گئی SIFC کونسل کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لئے بھرپور کوششیں کریں گے۔

غیر ملکی سرمایہ کاری اور تمام شعبوں کی اصلاحات کا جائزہ لے کر انکی رفتار میں اضافہ کرنا انکی اولین ترجیح ہو گی جبکہ بلوچستان میں مواصلات کے نظام کو اپ گریڈ بھی کریں گے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ کاروباری برادری کو امید ہے کہ نگراں وزیر اعظم معیشت کو موجودہ مسائل سے نکالنے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے اور اپنی ٹیم میں قابل اور مخلص افراد کو شامل کریں گے تاکہ عوام اور کاروباری برادری کو کچھ ریلیف مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں