imran khan

سائفر گمشدگی کیس،عمران خان سے اٹک جیل میں ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ

اٹک (گلف آن لائن) سائفر گمشدگی کیس،عمران خان سے جیل میں تفتیش کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم اٹک جیل پہنچ گئی،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مقدمے میں شاملِ تفتیش کر لیا گیا،ایف آئی اے نے جیل میں عمران خان سے سائفر کیس کی تحقیقات کیں اور سائفر گم ہونے سے متعلق سوالات کئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سربراہی میں 3 رکنی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

ٹیم نے شاہ محمود قریشی سے دورانِ تفتیش سامنے آنے والے انکشافات پر بھی سوالات کئے۔ دوسری جانب وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے،شاہ محمود قریشی نے جسمانی ریمانڈ کے 3 آرڈرز کیخلاف درخواست دائر کی۔

درخواست میں وفاق اور سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی ملی بھگت سے میرے خلاف مقدمہ درج ہوا،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے مقدمہ درج کیا گیا۔درخواست میں کہا گیا کہ ایف آئی اے کے سامنے شاملِ تفتیش ہوا،حقائق کے باوجود ایف آئی اے نے گرفتار کیا۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے سائفر وزارتِ خارجہ کے پاس ہے۔

پراسکیوشن کوئی بھی ثبوت سامنے لانے میں ناکام رہی،میں نے سائفر لیا اور نہ ہی اس کا ٹرانسکرپٹ کسی غیر مجاز شخص کو بتایا۔ درخواست میں 21،20 اور 25 اگست کے جسمانی ریمانڈ کے احکامات کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی،جبکہ یہ بھی استدعا کی گئی کہ جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے کر جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوایا جائے۔ جبکہ گزشتہ روز آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کی اور انہیں ایف آئی اے کے حوالے کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں