pak vs india

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ سری لنکا میں کھیلا جائے گا

کولمبود (گلف آن لائن) ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 16 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہےجس کی میزبانی پاکستان اور سری لنکا کر رہے ہیں۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ (آج)ہفتہ کو کو روایتی حریف بھارت کے خلاف پالے کیلی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کینڈی میں کھیلے گا۔

یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہو گا۔پاکستان نے اپنے گروپ اے کے ابتدائی میچ میں حریف ٹیم نیپال کو بڑے مارجن 238 رنز سے شکست دے کر نہ صرف ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ حریف ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی ہے۔ یہ ایشیا کپ کا 16 واں ایڈیشن ہے۔

گزشتہ سال پہلی مرتبہ ایشیا کپ ٹی۔20فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سے قبل ایشیا کپ میں 15 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں جہاں بھارت نے 8 جبکہ پاکستان نے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی، یوں ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا فتوحات کے اعتبار سے پلڑا بھاری ہے۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

ٹورنامنٹ کے میچز 30اگست اور 17ستمبر 2023 تک ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ کے طور پر پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔سری لنکن ٹیم دفاعی چیمپئن ہے۔ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کررہی ہیں جن میں پاکستان،دفاعی چیمپئن سری لنکا،بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال شامل ہیں، ان 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 2 ستمبر کو کھیلے گی۔ بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 7 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ سری لنکن ٹیم چھ مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ٹورنامنٹ کا سپر فور مرحلہ 6ستمبر سے شروع ہوکر 15 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں