pitch

پاک بھارت ٹاکرے کی پچ کے حوالے سے تفصیلات سامنے آ گئیں

کینڈی (گلف آن لائن) پاک بھارت ٹاکرے کی پچ کے حوالے سے تفصیلات سامنے آ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت 2 ستمبر کو ایشیاءکپ کے سلسلے میں سری لنکا کے پالی کیلے کے میدان میں آمنے سامنے آئیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ 2 ستمبر کو پالی کیلے میں شیڈول ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچ کی وکٹ اسپنرز کیلئے سازگار ہونے کا امکان ہے۔پالی کیلے کے میدان پر جمعرات کے روز سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جہاں وکٹ اسپنرز کیلئے بے حد سازگار اور بلے بازوں کیلئے مشکل تھی۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق بنگلہ دیش اور سری لنکا کے میچ کی وکٹ دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ پاک بھارت میچ کیلئے بھی اسی طرز کی وکٹ ہو گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے صرف اے سی سی یا آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور کینڈی 2 ستمبر کو توجہ کا مرکز بنے گا جب ایشیا کپ 2023ءمیں روایتی حریف ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے۔

تاہم اس بڑے میچ میں بارش کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔بی بی سی کی موسم کی پیشن گوئی کے مطابق، کینڈی میں پورے ہفتے بارش کی توقع ہے اور مقامی وقت کے مطابق 3 بجے شیڈول میچ کے وقت 94 فیصد بارش کا امکان ہے۔ دریں اثناءورلڈ ویدر آن لائن نے ہفتے کے روز حیرت انگیز طور پر 102.55 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

بارش کی پیشن گوئی جمعہ اور ہفتہ کی صبح بھی ہے جس کی وجہ سے زیادہ متوقع کھیل میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے آدھی رات تک مسلسل بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ کھیل بھی بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو سکتا ہے۔ میچ کے دوران ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے جو کھیل کے حالات اور مجموعی ماحول کو متاثر کر سکتی ہے۔

کھیل کے دوران درجہ حرارت 20 سے 24 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 2 ستمبر کو پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کینڈی، سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ آخری بار دونوں کی ملاقات 50 اوور کے میچ میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ءمیں ہوئی تھی جہاں بھارت نے فتح حاصل کی تھی۔

تاہم، ان کا تازہ ترین میچ آئی سی سی T20 کرکٹ ورلڈ کپ 2022ءمیں مشہور میلبورن کرکٹ گراؤنڈ، آسٹریلیا میں ہوا تھا جہاں ہندوستان نے جیت حاصل کی تھی۔اگر بارش کی وجہ سے کھیل میں خلل پڑتا ہے تو دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں ایک بار پھر آمنے سامنے ہو سکتی ہیں۔ ایشیاءکپ میں پاکستان اور بھارت گروپ اے میں نیپال کے ساتھ ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش اور سری لنکا افغانستان کے ساتھ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں