mustafa-kamal

دنیا چاند پر پہنچ رہی ہے لیکن آج بھی ہماری شہ سرخی نہیں بدلی۔صطفیٰ کمال

کراچی(گلف آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے سندھ میں اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ کردیا۔جامعہ کراچی میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا چاند پر پہنچ رہی ہے لیکن آج بھی ہماری شہ سرخی نہیں بدلی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو کما کر دینے والے شہر کراچی میں گٹروں پر ڈھکن نہیں، آج بھی ہماری شہ سرخی گٹر کے ڈھکن ہیں۔ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ کراچی ان حالات میں بھی ملک کو پونے 3 ہزار ارب روپے کما کر دے رہا ہے۔اُن کا کہنا تھاکہ کراچی اس ملک کو 8 ہزار ارب روپے تک کما کر دے سکتا ہے مگر اس دودھ دینے والی گائے کو چارہ تو دو۔

مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم سندھ میں اگلی حکومت جی ڈی اے کے ساتھ مل کر بنائے گی، بس نگراں حکومت کی بیورو کریسی کو غیر جانبدار نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 80 فیصد انتخابی عمل پولنگ ڈے سے پہلے مکمل ہوچکا ہوتا ہے، ممبر الیکشن کمیشن سندھ اعجاز چوہان جانبدار ہیں، صوبے میں کرپشن کا سسٹم اب بھی چل رہا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بار بار قرض لے کر ہم پاکستان کو نہیں چلا سکتے، حکومت چاہتے ہوئے بھی عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی۔اُن کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے سے نگراں حکومت بننے سے پہلے ہمارے رابطے ہوئے اور ہم مل کر اپوزیشن لیڈر لے کر آئے۔ایم کیوایم رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے 1990 اور 1997 میں مل کر پیپلز پارٹی کےخلاف حکومت بنائی تھی،

ہم بطور سیاسی جماعت سب سے بات کریں گے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی مخالف اتحاد نہیں، یہ عوام دوست اتحاد ہے اور پیپلز پارٹی عوام کےخلاف کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ نہیں چلے گا تو ملک نہیں چل سکتا، صوبے میں امن و مان کی صورتحال ٹھیک نہیں، کراچی میں ہمارا پانی چوری کرکے ہمیں ہی بیچا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں صحیح گنتی ہوجاتی تو وقت پر الیکشن ہوتے، ہم چیئرمین پی ٹی آئی نہیں کہ یہ کہیں کسی سے بات نہیں ہوسکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں