women-team

چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد

کراچی (گلف آن لائن) چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف نے جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پرمشتمل سیریز جیتنے پر پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار، کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہاں جاری کردہ تہنیتی پیغام میں ذکا اشرف نے کہا کہ ورلڈ کپ فائنلسٹ کے خلاف یہ جیت بہت اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ٹیم سیریز کا تیسرا میچ بھی جیت کر 0-3سے کلین سوئپ کرے گی اور ایک روزہ بین الاقومی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ شاندار کارکردگی پوری قوم کے لئے قابل فخر ہے،اس شاندار جیت سے نئی نوجوان کھلاڑیوں کے جوش اور جذبے میں اضافہ ہوگا۔

ذکا اشرف نے کہا کہ اس سیریز کی ٹی وی کوریج سے لوگوں کو ہماری کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کا بخوبی اندازہ ہوا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف جاری تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پرمشتمل سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں