Arif-Alvi13

صدر مملکت عارف علوی کے عہدہ صدارت کی مدت مکمل ہو گئی

اسلام آباد (گلف آن لائن) صدر مملکت عہدے کی مدت مکمل کرنے کے باوجود فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کے عہدہ صدارت کی مدت آج مکمل ہو گئی ہے تاہم عارف علوی عہدے صدارت مکمل کرنے کے بعد ایوانِ صدر خالی نہیں کریں گے۔

عارف علوی نئے صدر کے انتخاب تک فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں گے،صدر مملکت آج معمول کے فرائض سر انجام دیں گے۔عارف علوی نے 9 ستمبر 2018ءکو صدارتی منصب سنبھالا تھا۔ یاد رہے کہ صدر عارف علوی لاہور کا دورہ مکمل کر کے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

عارف علوی نے گورنر ہاؤس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے،مختلف شعبوں خصوصاََ آئی ٹی سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔ان مسائل کے حل کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل پر قابو پانے کیلئے آگاہی سیشنر اور سیمینارز منعقد کئے جائیں۔

صدر مملکت نے ذہنی اور نفسیاتی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی امراض سے نمٹنے کیلئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے،گھر سے لے کر کام والی جگہوں پر ٹریننگ کا خصوصی بندوبست ہونا چاہیے تاکہ ایسے افراد کو اس مرض سے بچاؤکے لیے آگاہی دی جا سکے۔

تعلیم کے حوالے سے عارف علوی نے کہا کہ اڑھائی کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں جن کیلئے ہزاروں اسکولوں کی ضرورت ہے،اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اسکولوں میں شفٹ میں بڑھانے کے ساتھ ساتھ مساجد میں بچوں کو پڑھانے کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کام کی جگہوں پر خواتین کی تعداد میں اضافہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں