بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے اقوام متحدہ اجلاس میں مسئلہ کشمیرکا خصوصی ذکرکرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں،صدرآزادکشمیر

اسلام آباد (گلف آن لائن) صدرآزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ کی جانب سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس خطاب میں مسئلہ کشمیر کا خصوصی ذکر کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے اور مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔

ایک بیان میں بیرسٹر سلطان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے اپنے خطاب کے دوران درست نشاندہی کی کہ مسئلہ کشمیر دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے اور عالمی ادارہ جنوبی ایشیا کے اس سب سے اہم ترین مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے عالمی رہنماں سے بھی کہا ہے کہ وہ اگر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن چاہتے ہیں تو پھر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں یہ بھارت ہے جس نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی تحریک اسوقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں ان کا جائز حق خودارادیت نہیں مل جاتا جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں