رانا ثنا اللہ

کسی بھی سیاسی جماعت اور لیڈر کو الیکشن سے پہلے نشانہ نہیں بنانا چاہیے، رانا ثنا اللہ

لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت اور لیڈر کو الیکشن سے پہلے اور بعد میں نشانہ نہیں بنانا چاہیے،اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانے کے حق میں نہیں ہیں لیکن اگر کوئی جماعت یا لیڈر ملکی دفاع پر چڑھ دوڑے، شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کرے تو کیا اس پر کیس اس لیے نہیں چلنا چاہیے کہ اس نے الیکشن لڑنا ہے؟

انہوں نے کہا کہ نواز شریف 21اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے، نواز شریف لاہور پہنچنے کے بعد مینار پاکستان جائیں گے، مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے، ہماری الیکشن مہم کا آغاز مینار پاکستان سے ہوگا،رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جتنے بھی کیسز ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں، آج ملک جس حال میں ہے وہ اس سازش کی وجہ سے ہے جو نوازشریف کے خلاف کی گئی،

2018 میں جب 25جولائی کو الیکشن ہوئے تو نواز شریف کہاں تھے؟ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو اقامہ میں نا اہل کیا گیا، سینیٹ میں ہمارے سینیٹرز کو دوہری شہریت کی بنا پر نا اہل قرار دیا گیا، یہ سب کچھ آن ریکارڈ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں