مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا فیصلہ انتہائی سوچ بچار کے بعد کیا‘راجہ ریاض

فیصل آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سابق ممبرقومی اسمبلی راجہ ریاض احمد نے کہا کہ عام انتخابات فروری کے وسط میں ہونگے اور نواز شریف مسلم لیگ(ن) کو لیڈ کریں گے جبکہ انہوں نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا فیصلہ انتہائی سوچ بچار کے بعد کیا ہے کیونکہ ملک اس وقت جن بحرانوں اور سیاسی و معاشی صورتحال کا شکار ہے اس سے نواز شریف ہی اسے نکال سکتے ہیں۔

وہ اپنے ڈیرہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پرمسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما،سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی وسینیٹر چوہدری جعفر اقبال، (ن) لیگ کے ڈویڑنل صدر و سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری، سٹی صدر وسابق ایم پی اے شیخ اعجاز احمد اور دیگر لیگی رہنماوامیدواران قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔راجہ ریاض احمدنے کہا کہ وہ سینیٹر چوہدری جعفر اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ان کی دعوت پر ان کے ڈیرہ پر تشریف لائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) آئندہ عام انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ نہ صرف حصہ لے گی بلکہ شاندار کامیابی بھی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے دور میں ملک و قوم کا حال دیکھ لیا۔ اس موقع پرسینیٹر چوہدری جعفر اقبال نے راجہ ریاض احمد کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ راجہ ریاض جیسے ورکر کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت خوش قسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکن نواز شریف کے جلسہ میں شرکت کیلئے بڑی تعداد میں 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پہنچیں جہاں ان کے محبوب قائد مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں اہم اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں