چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ کی غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے غزہ کی پٹی میں الاہلی ہسپتال پر گھنائونے اور ظالمانہ اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صریح جارحیت اور بے رحمانہ عمل قرار دیا ۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بے گناہ شہریوں، ہسپتال اور اقوام متحدہ کے زیر انتظام سکول کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا جنگی جرم ہے،یہ عمل صیہونی دہشت گرد ریاست اسرائیل کی نفرت انگیز بربریت کو بے نقاب کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو فوری طور پر ان گھنانے اور وحشیانہ مظالم کے خلاف متحد ہونا چاہیے،فلسطینی عوام کی آزادی کا خواب بہت جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اپنے بیان میں غزہ میں ہسپتال پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں زخمیوں، مریضوں اور پناہ گزینوں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے،بین الاقوامی برادری غزہ پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اسرائیلی حملے میں 500 سے زیادہ شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہسپتالوں اور طبی عملے کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے، سویلین آبادی اور املاک کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کے دل مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نیکہا کہ حالیہ اسرائیلی فضائی حملہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے۔غزہ میں خوراک اور ادویات کی فراہمی کی فوری اجازت دی جائے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیل کی جانب سے بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے بمباری کے نتیجے میں 500 سے زیادہ نہتے شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل طاقت کے نشے میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے،پاکستان کی پارلیمان اور عوام عالمی برادری سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ فوری مداخلت کرکے اسرائیل کو ایسے ظالمانہ اور وحشیانہ اقدامات سے روکا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل طاقت کے نشے میں انسانیت سوز مظالم اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے،اسرائیل کا غزہ کے ہسپتال پر حملہ ناقابلِ قبول ہے ۔سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں پر اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری غیر انسانی اور غیر قانونی ہے ،فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بمباری سے ہزاروں نہتے شہری نشانہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل فوری طور پر غزہ کی ناکہ بندی ختم کر کے خوراک اور ادویات کی ترسیل یقینی بنائے،پاکستان کی جانب سے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے امداد کا اعلان جس میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیا ہیں خوش آئند ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی فلسطینی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت و تندرستی عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں