ورلڈ کپ

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ ،پاکستان اپنا چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف آج کھیلے گا

بنگلور(گلف آن لائن)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی،یہ میچ میگا ایونٹ کا 18واں میچ ہوگا اور دن ایک بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپناچوتھا میچ کھیلے گی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا .

جس میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایم چناسوامی سٹیڈیم، بنگلوروکے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی ۔ میچ دن ایک بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔میگا ایونٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین ، تین میچ کھیل چکی ہیں جن میں پاکستان کی ٹیم دو میچز جیت چکی ہے اور ایک میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بھی تین میچ کھیل چکی ہے اور اس کو ایک میچ میں فتح اور دو میں شکست ہوئی تھی۔

پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز جبکہ دوسرے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ تیسرے میچ میں اس کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔پاکستان ٹیم کو مایہ ناز بلے باز بابر اعظم لیڈ کریں گے جبکہ آسٹریلوی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔

آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔میگا ایونٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں