نگران وزیراعظم

چین کیساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد اور علاقائی امن و ترقی کا ضامن ہے،نگران وزیراعظم

ارومچی(نیوز ڈیسک)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد اور علاقائی امن و ترقی کا ضامن ہے،سنکیانگ اور پاکستان کے ہمسایہ علاقوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سے لے کر ثقافتی اور عوام سے عوام کے تعلقات تک تعاون کے مختلف شعبوں میں روابط کو گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ارومچی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی پولٹ بیورو کے مرکزی ممبر اور سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے کے پارٹی سیکرٹری ما زنگروئی کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر چین کے ساتھ دوستی کے حوالے سے پاکستان کے عزم کااعادہ کرتیہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد اور علاقائی امن و ترقی کا ضامن ہے۔ بیجنگ میں صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چینی قیادت کے مضبوط ذاتی عزم کو سراہا۔

پاکستان کے لیے سنکیانگ کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم کاکڑ نے کہا کہ یہ خطہ پاکستان کے ساتھ جغرافیائی، تاریخی اور ثقافتی وابستگی کی وجہ سے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سنکیانگ اور پاکستان کے ہمسایہ علاقوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سے لے کر ثقافتی اور عوام سے عوام کے تعلقات تک تعاون کے مختلف شعبوں میں روابط کو گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

سنکیانگ کا دورہ کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پارٹی کے سیکرٹری ما زنگروئی نے کہا کہ متعدد شعبوں میں پاکستان اور سنکیانگ تعلقات کو گہرا کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے سنکیانگ کی جانب سے پاکستان میں کاروبار اور تجارت کے مواقع تلاش کرنے اور خنجراب سوست بارڈر کراسنگ کے ذریعے تجارتی اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید آسان بنانے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے سنکیانگ اور پاکستان کے پڑوسی علاقوں کے درمیان تعاون کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں