آئی جی پنجاب

غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو جلد از جلد واپس بھجوایا جائے’ آئی جی پنجاب کی ہدایت

لاہور ( نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ حکومتی احکامات کے تحت تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو جلد از جلد واپس بھجوایا جائے، انخلاء کے عمل کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری ہرصورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت سینئر افسران موجود تھے۔

تمام آر پی اوز ، ڈی پی اوز نے آئی جی پنجاب کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین وطن کے انخلا بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب کی تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین کے انخلا کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی احکامات کے تحت تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو جلد از جلد واپس بھجوایا جائے، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل بلا تعطل جاری رکھیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی میپنگ،سکینگ، سکریننگ کے مطابق چیکنگ کی جائے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری ہرصورت یقینی بنائی جا رہی ہے، تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران انخلا کے عمل کے دوران ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوارڈینیشن رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں