دیا مرزا

بچوں کا قتل عام بند کرو، دیا مرزا کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

ممبئی (گلف آن لائن)بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا نے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور ظلم کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔دیا مرزا نے انسٹاگرام پر خصوصی طور پر غزہ کے بچوں کیلئے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا ‘بچوں کے اس قتل عام کو کسی صورت درست نہیں قرار دیا جاسکتا، انسانیت کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کرنی چاہیے، بچوں کی موت انصاف کا قتل عام ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ہمارے بچے قیمتی ہیں، ہر ایک بچہ، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک یا علاقے سے ہو، بچے معصوم، مہربان، محبت کرنے والے اور سکون دینے والے ہوتے ہیں،

ان میں ایسی خوبیاں پائی جاتی ہیں جن کو اپنانا ہم میں سے ہر ایک پر فرض ہونا چاہیے۔بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ ہمیں بچوں سے متعلق سوچنا چاہیے جو بغیر کسی جرم کے ہولناک جنگوں کا شکار ہوگئے اور وہ بے بس ہیں۔دیا مرزا نے کہا کہ بطور ماں سمجھتی ہوں ہولناک جنگ کو رکنا چاہیے اور انسانیت کو بچانے کیلئے جنگ بندی ہونی چاہیے۔اداکارہ نے کہا یاد رکھیں کہ بچے سب سے زیادہ پرامن دنیا کے مستحق ہیں، اپنے بچوں کی خاطر، انسانیت کیلئے ابھی جنگ بندی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں