فواد چوہدری

لگتا ہے کہ سپریم کورٹ میں کیس لگوانے کیلئے مرنا پڑے گا، فوادچوہدری

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)کرپشن کے مقدمے میں گرفتار سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے لگتا ہے سپریم کورٹ میں کیس لگوانے کیلئے مرنا پڑے گا جبکہ عدالت نے اینٹی کرپشن کی فواد چوہدری کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں مزید ایک روز کیلئے اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی سول جج راولپنڈی نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو فراڈ کیس میں ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا اور انہیں (کل) پیر کو متعلقہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو پولیس بکتر بند گاڑی میں جیل سے جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن تفتیشی ٹیم نے فراڈ کیس میں 5 دن کا جسمانی ریمانڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے اپنے فرنٹ مین کزن فوق شیراز کے ذریعے دینہ جی ٹی روڈ پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو این او سی دلوانے اور اراضی کلیئر کرانے کے لیے بھاری رقم وصول کی وہ 35 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرنا ہے۔وکیل صفائی فیصل چوہدری کا موقف تھا کہ یہ سیاسی انتقام جھوٹا کیس ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی مالکان کی بھی کوئی شکایت نہیں ہے بلاوجہ جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں لہٰذا ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے یا ضمانت منظور یا جوڈیشل کیا جائے۔

ڈیوٹی جج غلام مصطفی نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو پیر 11 دسمبر کو متعلقہ اینٹی کرپشن عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ لگتا ہے کہ سپریم کورٹ میں کیس لگوانے کے لیے مرنا پڑے گا، انتظار کر رہے ہیں کہ ہم کب مرتے ہیں اور کیس لگتا ہے، تمام جھوٹے کیسز بھگت رہا ہوں، ایک ختم ہوتا ہے دوسرا بن جاتا ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں