روس

حماس کا حملہ فلسطینیوں کو سزا دینے کا جواز نہیں بن سکتا،روس

دوحہ(گلف آن لائن)روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ اسرائیل پر 7 اکتوبر کو حماس کی طرف سے کیے گئے حملے کو فلسطینی عوام کو اجتماعی سزا دینے کے جواز کے طور پراستعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔ غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق ایک خطاب میں انہوں نے غزہ میں زمینی صورت حال پر عالمی مانیٹرنگ کامطالبہ کیا۔لاوروف نے زور دے کر کہا کہ حماس کا اسرائیل پر حملہ خلا میں نہیں ہوا۔ ہم نے کئی سالوں سے اسرائیل کو بتایا کہ مشرق وسطی میں واحد سب سے خطرناک عنصر فلسطینی ریاست کی حیثیت کو حل کرنے میں ناکامی ہے۔

لاوروف نے زور دیا کہ روس غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے سیاسی دبائو جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے اس سیاسی دبائو کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی طاقت میں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں زمین پر بین الاقوامی نگرانی ہونی چاہیے۔روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ سفارت کاری میں ہمیشہ امید ہوتی ہے۔ ہم تشدد کی موجودہ لہر کے آغاز سے یہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ہم نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی، جس طرح ہم کسی دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ اسی طرح وقت ہم اس واقعے کو لاکھوں افراد کو سزا دینے کے لیے استعمال کرنا قابل قبول نہیں سمجھتے۔ حماس کے حملے کو فلسطینیوں کے خلاف اجتماعی سزا کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں