خورشید شاہ

خورشید شاہ نے نگران حکومت سندھ کو نالائق اور نااہل قرار دے دیا

سکھر(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنماسید خورشیداحمدشاہ سندھ میں کھاد کا بحران اور تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کو ہٹائے جانے پر نگران حکومت پر برس پڑے۔خصوصی بات چیت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے نگران حکومت سندھ کو نالائق اور نااہل قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نگران حکومت کا کام نہیں کہ تعلیمی بورڈز کا نظام ریونیو ڈپارٹمنٹ کو دیا جائے، سندھ میں ریونیو ڈپارٹمنٹ نے منہ کالا کیا ہوا ہے، ریونیو ڈپارٹمنٹ نے خانہ خراب کیا ہوا ہے، انکا نام کرپشن میں آتا ہے اور کرپشن عروج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلی سندھ سابق جسٹس رہے انہیں ایکشن لینا چاہیے، نگران حکومت کا کام صوبے کے نظام چلانا ہے تبدیلیاں کرنا نہیں، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز تعلیمی بورڈ کا نظام چلائیں۔

خورشید شاہ نے کھاد کے بحران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں یوریا کھاد کا اشو ہے یوریا کھاد نہیں مل رہی ہے، ہم ڈپٹی کمشنر اور کمشنر سے بات کرتے کہ کھاد بہت مہنگے داموں مل رہی ہے، کھاد کی بوری ساڑھے پانچ ہزار میں نہیں مل رہی ہے، کھاد کی بلیک مارکیٹنگ ہورہی ہے نگران حکومت کچھ نہیں کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نگران منسٹرز سے بات کرو تو ملتے نہیں، کہتے ہیں کہ ہم نگران وزیر ہیں ہم کیا کریں، سچی بات ہے کہ نگران حکومت نے تباہی مچا دی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ نگران حکومت نہیں نالائقی چل رہی ہے، نگران حکومت کی نااہلی کے سبب بہت بڑی پرابلم ہورہی ہے، نگران وزیر اعلی کو نوٹس لینا چاہیے تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ہٹانا ان کا کام نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں