امیرمقام

8فروری کو انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ ن کی فتح کا سورج طلوع ہوگا، امیرمقام

سوات (نمائندہ خصوصی) صدرپاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئرامیرمقام نے کہا ہے کہ 8فروری کو انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ ن کی فتح کا سورج طلوع ہوگا، عوام کی طاقت سے خیبرپختونخوا میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت بنائینگے،عوام اس بار ترقی، تعلیم و صحت اور روزگار کیلئے شیر کو ووٹ دیں۔

مسلم لیگ (ن ہاؤس سنگوٹہ میں مختلف شمولیتی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن میں روزانہ کی بنیاد پر شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام مسلم لیگ ن اور اسکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کررہی ہے اور انشاء اللہ 8 فروری کو پاکستان مسلم لیگ ن کی فتح کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک خودمختیار اور آزاد ادارہ ہے،

صاف و شفاف انتخابات کیلئے قوم کا الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو میرٹ، انصاف اور ملک و قوم کے مفاد کو مدنظررکھتے ہوئے فیصلے کرنے چاہیے نا کہ کسی فرد واحد یا کسی سیاسی جماعت کے مفاد کیلئے۔انہوںنے کہاکہ ہمارا ماضی ہمارا گواہ ہے ہمیں جھوٹے اور کھوکھلے وعدوں کی ضرورت نہیں، ہم نے پہلے بھی ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالا اور اب بھی نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن ہی مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مخالفین اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

مہنگائی،غربت، بے روزگاری اور لاقانونیت کے خاتمے کیلئے ہم میدان میں اترے ہیں عوام ہمارا ساتھ دیں۔ انہوںنے کہاکہ آنے والے انتخابات میں عوام کی طاقت سے وفاق سمیت خیبرپختونخوا میں حکومت بنا کر ملک کو معاشی و سیاسی استحکام لائینگے اور ملک کو دوبارہ ترقی کے ٹریک پر چڑھائینگے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ قوم 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر وفاق جبکہ بالخصوص خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنانے کا مینڈیٹ دینگے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف مرکز بلکہ اس دفعہ صوبے میں بھی نواز شریف اور شیر کی حکومت ہوگی، مہنگائی کا ذمہ ہم نہیں وہ ہے جنہوں نے آئی ایم ایف سے عوام دشمن معاہدہ کیا، ہم نے تو نوازشریف کی قیادت میں 2016 میں ہی آئی ایم ایف کا کچلول توڑا تھا۔

انہوںنے کہاکہ ہمارا منشور اور ایجنڈا نواز شریف اور مسلم لیگ (ن )کی ماضی ہے ،ملک کو مشکلات سے نکالنا عوام کو خوشحالی دینا پاکستان مسلم لیگ نون کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کو ایک جماعت نے پاکستان کے املاک اور اداروں پر حملہ آور ہوکر ملک دشمنی کا ثبوت دیا، اسی گروہ نے نو سال اس صوبے میں حکومت کرکے صوبے کو دیوالیہ بنایا اور صحت و تعلیم سمیت انفراسٹرکچر کو تباہ کیا، عوام اب انکا اصل چہرہ پہچان چکی ہے اور انکو مسترد کرچکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ قوم 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ قوم کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے رہے خواہ سیلاب ہو، زلزلہ ہو یا کوئی بھی دوسرا واقعہ قوم کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن ہاؤس سنگوٹہ سوات میں مختلف نامور شخصیات انکے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیتوں کے موقع پر پروقار تقاریب میں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں