ڈاکٹر عمر سیف

پاکستان مستقبل قریب میں ‘ڈیجیٹل حب’ بننے جارہا ہے ،ڈاکٹر عمر سیف

ڈاووس (نمائندہ خصوصی)نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان مستقبل قریب میں ‘ڈیجیٹل حب’ بننے جارہا ہے، فری لانسنگ، اسکل ڈویلپمنٹ اور ای کامرس میں دنیا پاکستانی ذہانت کی معترف ہورہی ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں منعقدہ 54ویں عالمی اقتصادی فورم میں نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف، نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سمیت عالمی رہنما شریک ہوئے۔نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف 15 سے 19جنوری تک جاری عالمی اقتصادی فورم میں ڈیجیٹل پاکستان برانڈ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے کوششاں ہیں۔

اس سلسلے میں انہوں نے بین الاقوامی اداروں اور عالمی تنظیمی عہدیداران سے اہم سائیڈ لائن ملاقاتیں کی۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ سیکریٹری جنرل ڈی سی او دیمہ الیحییٰ سے ہونے والی ملاقات میں ڈیجیٹل تعاون پر مفید گفتگو ہوئی۔ملاقاتوں کے دوران ڈاکٹر سیف کی قطر کے وزیر آئی ٹی محمد بن علی اور روانڈا کی وزیر کمیونیکیشن پاؤلا انگیبری سے دوطرفہ تعاون پر گفتگو ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹارٹ اپس فنڈ میں تعاون، رکن ممالک کے مابین مشترکہ کلاؤڈ سروسز پر اہم پیشرفت متوقع ہے جبکہ ڈی سی او ممالک میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گوگل ہاؤس کے دورہ کے دوران نائب صدر بہشاد بہزادی سے بھی ملاقات ہوئی۔ جس میں جنریٹیو اے آئی ٹیکنالوجی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرکاری و نجی سطح پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہتر استعمال کے لیے دوطرفہ تعاون پر اتفاق ہوگیا، وزارت آئی ٹی اور گوگل کے اشتراک سے ملک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں ڈی سی او ممالک اور گوگل ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فری لانسنگ، اسکل ڈویلپمنٹ اور ای کامرس میں پاکستانی ذہانت کی دنیا معترف ہورہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں