عمران خان

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت 29جنوری تک ملتوی

لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بانی چیئرمین تحریک انصاف کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف کیس میں ترمیمی درخواست کی دستاویزات آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔

ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپکو ترمیم کے ساتھ درخواست دائر کرنے کا کہا تھا ۔جس پر وکیل نے بتایا کہ ہم نے ترمیم شدہ درخواست دس جنوری کو دائر کردی تھی ۔

جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ آپ کو متفرق درخواست دائر کرنی چاہیے تھی ۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ مجھے دائر برانچ نے کہا تھا آپ کو متفرق درخواست دائر کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ بنچ کے ممبران کے پاس ترمیمی درخواست کی کاپیاں موجود نہیں ہیں ۔

وکیل بانی چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 24جنوری کو جیل میں ٹرائل فکس ہے اس سے قبل فرد جرم بھی عائد ہوچکی ہے ، اس درخواست میں حکم امتناعی جاری کریں ۔ عدالت نے قرار دیا کہ کاپیاں ہمارے پاس موجود نہیں ہیں لہٰذا ٹرائل کو چلنے دیں ۔عدالت نے سماعت 29جنوری (پیر )تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں