ڈاکٹر ندیم جان

گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کے لیے عالمی برادری کو بنیادی کردار ادا کرنا ہوگا،ڈاکٹر ندیم جان

لاہور (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کے لیے عالمی برادری کو بنیادی کردار ادا کرنا ہوگا،انسانوں کو صحت کے مسائل سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے،وبائی امراض قدرتی آفات کی شکل اختیار کر جاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں گلوبل ہیلتھ سیمینار کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان فار ہیلتھ سکیورٹی کے حوالہ سے تین روزہ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن میں ماہرین صحت، سرکاری حکام اور اہم سٹیک ہولڈرز موجود تھے۔ ہیلتھ سکیورٹی پارٹنرز اور بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس ورکشاپ میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر محمد الیاس، نگران وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب پروفیسر جاوید اکرم، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے بھی خطاب کیا۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وبائی امراض کی تدارک کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے کیونکہ وبائیں ختم نہیں ہوں گی یہ مختلف شکلوں میں آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کی جانب پہلا قدم اٹھالیا ہے اور مجھے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی پر کام کے باعث دنیا بھر سے پزیرائی مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سٹیرنگ کمیٹی برائے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کے قیام کی درخواست کی اور میں نے ہیلتھ ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا پہلا اجلاس فروری کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلا قدم اٹھایا ہے اور اب پوری دنیا پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے۔وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل بھی ہونا چاہیے اور اس سلسلہ میں صوبائی، وفاقی حکومت، نجی اداروں، سرکاری اداروں بلکہ سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کی حفاظت تمام سکیورٹیز کی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس بات کہا کہ ہیلتھ سکیورٹی کے لیے صوبوں کی طرف سے تیار کردہ ایکشن پلان گلوبل ہیلتھ سکیورٹی ایجنڈے پر عمل درآمد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے باہم گفت و شنید کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اس اہم کوشش میں تعاون کرنے پر حکومت پنجاب اور ترقیاتی شراکت داروں سمیت تمام شراکت داروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں