مسعود خان

پاک امریکہ دوطرفہ تجارت اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہے، مسعود خان

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاک امریکہ دو طرفہ تجارت اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لئے قائم کردہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں منافع بخش کاروباری منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو نہ صرف سہولت فراہم کی جا رہی ہے بلکہ ان کو معیشت کے تمام شعبہ جات خاص طور پر آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور معدنیات میں پرکشش مراعات بھی پیش کی جا رہی ہیں۔

سفیر پاکستان نے یہ بات چیئرمین وقار علی خان کی قیادت میں پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس کی قیادت سے ورچوئل ملاقات کے دوران کہیں۔ چیمبر کے دیگر ممبران میں ڈاکٹر ثنا خان، فواد اسماعیل، زبیر راؤ، مقصود چوہدری، ڈاکٹر صلاح الدین اور مسٹر فرخ شامل تھے۔ملاقات میں لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان اور تجارتی و سرمایہ کاری کی قونصلر قرة العین فاطمہ بھی موجود تھیں۔

تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور پاک امریکہ کاروباری برادری کے مابین روابط بڑھانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے امریکہ بھر میں کام کرنے والے مختلف چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے درمیان زیادہ سے زیادہ روابط اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پی اے سی سی قیادت کو تاکید کی کہ وہ کاروباری وفود کے پاکستان کے دوروں کا اہتمام کریں اورپاکـامریکی تاجر برادری کے سامنے پاکستان میں موجودہ مواقع کو اجاگر کریں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی امریکی بزنس کمیونٹی کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے نہ صرف ان کو منافع بخش کاروباری مواقع میسر آئیں گے بلکہ اس طرح وہ اپنی مادر وطن کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی حصہ ڈالیں گے۔چیئرمین پی اے سی سی جناب وقار علی خان نے سفیر پاکستان کو چیمبر کی مختلف سرگرمیوں خصوصاً صحت، خوراک اور ٹیکسٹائل کے شعبے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ مستقبل قریب میں لاس اینجلس میں سنگل کنٹری ایکسپو منعقد کرنے کے حوالے سے چیمبر لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کراچی اور لاس اینجلس کے درمیان سسٹر سٹی پارٹنرشپ کے قیام کی تجویز بھی دی جس سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی میں بھی سہولت ملے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثنا خان نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ پاکستانی ریڈیولوجسٹ اور ٹیکنیشنز کو تربیت دی جا رہی ہے کہ وہ پاکستان میں بیٹھے بیٹھے مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکہ کو ریڈیولوجی کی خدمات پہنچا سکیں۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں اٹھائے جانے والے دیگر اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

قونصل جنرل عاصم علی خان نے اجلاس کو تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاس اینجلس چیمبر آف کامرس کو خصوصی انویسٹمنٹ سہولت کاری کونسل کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کس طرح کونسل اختراعی حکمت عملی سے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔ لاس اینجلس چیمبر کے ساتھ 1800 سے زیادہ کاروباری ادارے منسلک ہیں۔

کونسلر قر? العین فاطمہ نے اجلاس کو تجارتی روابط کو فروغ دینے کی کوششوں اور متعلقہ تجارتی اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر تجارتی سرگرمیوں کے انعقاد کے بارے میں بریف کیا۔اس سال پاک امریکہ دوطرفہ تجارت میں مستحکم رجحانات کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ کی چوتھی بڑی معیشت ہونے کے ناطے کیلیفورنیا میں پاکستانی مصنوعات کو جذب کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ایک بہت بڑا موقع پیدا ہوا ہے جس سے کاروباری برادری کو فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس پر زور دیا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں