سادہ اکثریت ملنے کی امید کی ہے ،دوسری صورتحال ہوتی ہے تو پھر بیٹھ کر فیصلہ کرینگے’ حمزہ شہباز

لاہور( نمائندہ خصوصی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سادہ اکثریت ملنے کی امید کی ہے تاہم اگر دوسری صورتحال ہوتی ہے تو پھر بیٹھ کر فیصلہ کریں گے، وقت کا پہیہ گھومتا رہتا ہے ،2018میں میں نوازشریف ، مریم نواز جیل میں تھے،اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو اسے اس کی سزا ضرور ملنی چاہیے ۔

ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جو لوگ فائرنگ سے اللہ کو پیارے اور شہید ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ دہشتگردی کا واحد حل جمہوریت ہے، مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں ضرب العضب اور ردالفساد کے ذریعے پہلے بھی دہشتگردی کا خاتمہ کیا اب بھی ایسا کریں گے، دہشتگردی ایسا کینسر ہے جو ملک کو کھا جاتا ہے ،عوام اس بار بھی دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کے ازالے ، مہنگائی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر پارلیمنٹ میں لائحہ عمل بنانا پڑے گا، پارلیمنٹ کے اندر ماحول یکسر مختلف ہونا چاہیے مل کر عوام کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ پہلا مرحلہ الیکشن جیتنا ہے اگر ہماری واضح اکثریت سامنے آئے گی تو پھر وزارت اعلی کا فیصلہ کیاجائے گا۔ انہوںنے کہا کہ انتخابات کے نتائج جتنے ضروری ہیں اس کو قبول کرنا بھی بہت ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں