پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی؛ مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف اٹھا لیا، اپوزیشن کا احتجاج

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف اٹھا لیا، اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، جس میں اپوزیشن رکن رانا آفتاب کی جانب سے کورم نامکمل ہونے کی نشاندہی کی گئی، تاہم اسپیکر نے ایوان میں 104 ارکان کی موجودگی کا کہتے ہوئے کورم کو مکمل قرار دیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد خان نے نومنتخب ارکان کو حلف کی دعوت دی جب کہ سیکرٹری اسمبلی نے پینل آف چیئرکے ناموں کا اعلان کردیا، جن میں رانا منور حسین، سید علی حیدر گیلانی، غلام مرتضیٰ اور راحیلہ نعیم شامل ہیں۔

بعد ازاں اجلاس میں نومنتخب اراکین حلف لینے کے لیے کھڑے ہو گئے، جس پر اپوزیشن نے ایوان میں احتجاج شروع کردیا۔ اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد ہمارے ارکان نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا۔ یہ ہماری نشستیں ہیں، ہمیں دی جانی چاہییں۔

اپوزیشن کے احتجاج پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے استدعا کی کہ ایوان کو رولز آف بزنس کے مطابق چلائیں۔ اس موقع پر اپوزیشن رکن رانا آفتاب اور اسپیکر ملک احمد خان کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔ رانا آفتاب نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے متعلق فیصلہ عدالت میں زیر سماعت ہے، حلف نہ لیا جائے۔

اسپیکر نے کہا کہ ہر کام آئین اور قانون کے مطابق کیا جارہا ہے، جس پر رانا آفتاب نے کہا کہ قانون کی غلط تشریح نہ کریں ۔ اپوزیشن کے اعتراض کے باوجود نومنتخب ارکان نے حلف لینا شروع کردیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مخصوص نشستوں پر نومنتخب خواتین ارکان سے حلف لینا شروع کردیا جب کہ اپوزیشن نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا اور شیم شیم کے نعرے لگائے۔ ایوان میں مسلم لیگ ن کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپوزیشن کی جانب سے کہا گیا کہ ہماری سیٹوں پر ڈاکا مارا گیا۔اپوزیشن ارکان کی جانب سے شدید احتجاج اور نعرے بازی کے دوران مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ اس دوران اپوزیشن ارکان نامنظور نامنظور کے نعرے لگاتے رہے۔

اپوزیشن ارکان کی جانب سے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرتے ہوئے نعروں کا سلسلہ جاری رہا جب کہ اسپیکر نے اپوزیشن ارکان اور حکومتی ارکان کو اپنے بینچز پر رہنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں حلف اٹھانے والے اراکین نے دستاویزات پر دستخط کردیے جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بانی چیئرمین تحریک انصاف کی تصاویر ایوان میں لہرا دی گئیں۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر حلف لینے والوں میں سعدیہ مظفر ، فضا میمونہ ، عابدہ بشیر ، مقصودن بی بی، عامرہ خان، صومیہ عطا ، راحت افزا ، رخسانہ شفیق ، تحسین فواد ، فرزانہ عباس، شگفتہ فیصل ، عظمیٰ بٹ ، ماریہ طلال ، ساجدہ نوید، نسرین ریاض ، افشین حسن ، آمنہ پروین ، شہر بانو ، زیبا غفور ، روبینہ نذیر اور سیدہ سمیرہ احمد شامل ہیں جب کہ اقلیتوں میں طارق مسیح ، وسیم انجم اور بسرو جی نے حلف لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں