مریم نواز

وزیراعلی پنجاب نے لاہور میں ارفع کریم ٹاور 2 ،فری وائی پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دیدی

لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ارفع کریم ٹاور 2کی منظوری دے دی۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے آئی ٹی سٹی اور لاہور نالج پارک پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔مریم نواز شریف نے لاہور میں 21منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنانے کی اصولی منظوری دے دی، لاہور میں آئی ٹی، ایجوکیشن اور فلم سٹی پراجیکٹ کا آغاز جلد ہوگا، مائیکروسافٹ،اوریکل اور دیگر بڑی کمپنیوں نے آئی ٹی سٹی لاہور کیلئے آمادگی ظاہر کر دی۔

وزیراعلی نے چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو آفس بنانے کیلئے مدعو کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر سے بہترین آئی ٹی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی میں بزنس کے مواقع فراہم کریں گے، پنجاب سمیت پاکستان بھر کے طلبہ کے لئے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائیں گے۔

مریم نواز شریف نے ایجوکیشن سٹی میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کرنے کے لئے فوری رابطوں کی ہدایت کی اور لاہور نالج پارک اور آئی ٹی سٹی کے قیام کیلئے پلان کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی۔اجلاس کے دوران وزیر اعلی پنجاب نے لاہور میں فری وائی پائلٹ پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیتے ہوئے پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔شہرمیں 10 مقامات پر فری وائی پراجیکٹ کا آغاز دو ہفتے میں کر دیا جائے گا،

صوبائی دارالحکومت میں 516 مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس بنائے جائیں گے، تعلیمی اداروں، ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈ پر ترجیحاًفری وائی فائی شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، وزیراطلاعات و ثقافت عظمی بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق نے شرکت کی، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہاسنگ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چیئرمین پی آئی ٹی بی اوردیگرمتعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں