پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی

اسلام آباد /لاہور (گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا۔پی سی بی کے ترجمان کے مطابق نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا جو ٹیم کے انتخاب کے لیے میرٹ پر آزادانہ فیصلے کرے گی۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق نئی سلیکشن کمیٹی کے میرٹ پر فیصلے سب کے سامنے ہوں گے۔تحلیل کی گئی سلیکشن کمیٹی میں وہاب ریاض قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر تھے جبکہ سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان میں توصیف احمد، وجاہت اللّٰہ واسطی اور وسیم حیدر شامل تھے۔علاوہ ازیں کامران اکمل اور راؤ افتخار کنسلٹنٹ ممبر اور حسن مظفر چیمہ منیجر انالسٹ کے طور پر شامل تھے۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں تربیتی و فٹنس کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی پی سی بی حکام سے تفصیلی مشاورت ہوئی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ آفس میں کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کیا گیا تھا جس میں محسن نقوی نے میرٹ اور کارکردگی پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا تھا کہ پی ایس ایل 9 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو کیمپ میں شامل کیا جائے، کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب میں میری سفارش بھی نہ مانی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں