پشاور ہائیکورٹ

مخصوص نشستوں پرحلف نہ لینے کا کیس، سپیکر، ڈپٹی سپیکر سے14 روزمیں جواب طلب

پشاور (نمائندہ خصوصی) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے کا معاملے پر سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سے14 روز میں جواب طلب کرلیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے کا معاملے پر اراکین اسمبلی کی درخواست پر سماعت ہوئی ، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فضل سبحان نے سماعت کی۔عدالت نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن کے اندر جواب طلب کرلیا ۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزارنے کہاکہ درخواست گزارہ مخصوص نشست پر ممبر منتخب ہوئی ہے، الیکشن کمیشن نے درخواست گزارہ کو نوٹیفائیڈ بھی کیا ہے، عدالت نے سپیکر کو حکم دیا تھا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل ممبران سے حلف لیا جائے، عدالتی احکامات کے بعد بھی تاحال ممبران اسمبلی سے حلف نہیں لیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہیں، جب جواب آجائے تو پھر اس کیس کوسنیں گے، وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ درخواست کرتے ہیں یہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ اس نوعیت کے اور بھی بہت کیسز ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے حلف سے مشروط کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں