مریم نواز

وزیر اعلیٰ مریم نواز سے صوبائی ارکان اسمبلی کی ملاقات،عوامی مسائل سے آگاہ کیا

لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی زاہد اکرم، محمد اجمل خان،محمد کاشف، آغا علی حیدر شامل تھے، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، معاون خصوصی ذیشان ملک اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران عوامی مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا، ارکان اسمبلی نے مختصر وقت میں متعدد عوام دوست پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیر اعلی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں سرکاری نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کی مانیٹرنگ کریں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو 6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا، 100فیصد مفت ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں 600سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوگی جبکہ 5ایکسپریس ویز اور 3موٹر ویز بنائیں گے، طلبہ کے لئے 20ہزار موٹر بائیکس کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں