صدر مملکت

اقلیتوں کو آئین پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، صدر مملکت

اسلامآ باد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے کیے گئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔

اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا خوشی ہے کہ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں، ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5% کوٹہ مختص کیا ہے ، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں مختص کی گئی ہیں، غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کیلئے گرانٹس فراہم کی جارہی ہیں، صدر مملکت نے کہا اقلیتی برادریوں کے طلبا کو تعلیمی وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت/ دیکھ بھال کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان اپنی اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے،

ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے، صدر مملکت نے کہا معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی اسکالرز، اقلیتی نمائندے اور میڈیا لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی دیں، پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے کام کریں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، انھیں زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع فراہم کرے گا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں