شی جن پھنگ

شی جن پھنگ اور پھنگ لی یوان کی جانب سے 33ویں اپیک اکنامک لیڈرز میٹنگ میں شریک مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافت

بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چین کے صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوان نے شین زین انٹرنیشنل ایکسچینج سینٹر میں 33ویں اپیک اکنامک لیڈرز میٹنگ میں شرکت کے لیے آئے ہوئے مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافت کا اہتمام کیا۔ شی جن پھنگ نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے تمام مہمانوں کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ سیاٹل میں پہلی بار مصافحے سے لے کر یان چھی جھیل میں ہونے والے تاریخی اجلاس تک، اور بوگور اہداف کے وعدوں سے لے کر ایشیا پیسیفک کمیونٹی کے عظیم وژن تک، اپیک نے ہمیشہ وقت کے تقاضوں کے مطابق ایشیا پیسیفک خطے میں اقتصادی انضمام کے عمل کی رہنمائی کی ہے اور ایشیا پیسیفک کو عالمی معیشت کا سب سے متحرک خطہ اور ترقی کا ایک اہم انجن بنانے میں مدد دی ہے۔

صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ رواں سال چین کی میزبانی میں 16 شہروں میں اپیک کے 300 سے زائد اجلاس اور تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں رکن معیشتوں کے 10 ہزار سے زائد نمائندوں نے بھرپور شرکت کی اور اپیک” چائنا ایئر” کے دوران اہم نتائج کے حصول میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے روز منعقد ہونے والی اکنامک لیڈرز میٹنگ میں باہمی کھلے پن کو فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا، جدت طرازی پر مبنی ترقی کے راستے تلاش کیے جائیں گے،

مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے مواقع کو وسعت دی جائے گی اور مزید نتائج کے حصول کی راہ ہموار کی جائے گی۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ وہ تمام مہمانوں کے ساتھ ایشیا پیسیفک تعاون کے اہم منصوبوں پر تبادلۂ خیال اور خطے کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کے منتظر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں