خرم دستگیر خان

پی ٹی آئی کا مارچ تحریک انتشار ہے،خرم دستگیر خان

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن )کے سینئر خرم دستگیر خان نے پی ٹی آئی کے مارچ کو تحریک انتشار قرار د یتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اور ریاست پرحملہ آور ہونے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔خرم دستگیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اس طرح کے تشدد پر مبنی اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج دہشت گردی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش ہو سکتا ہے۔

انہوں نے ماضی میں پی ٹی آئی کے پارلیمنٹ پر حملے، اسلام آباد میں درختوں کو جلانے اور 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے تحریک انتشار کے کردار پر سوالات بھی اٹھائے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ پرامن احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت کا بنیادی جمہوری حق ہے لیکن پی ٹی آئی پرامن احتجاج کی آڑ میں ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔

سینئر رہنما ن لیگ نے خبردار کیا کہ حکومت انتشار پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گی اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام اور ریاست کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پی ٹی آئی آئے روز احتجاج اور دھرنوں کی آڑ میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن حکومت عوام کی حمایت سے ایسے عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت میں ناکام بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں