بیرسٹر سیف

ججز کی سنیارٹی تنازع کے حل تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کیا جائے، بیرسٹر سیف

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی سنیارٹی کا تنازع حل ہونے تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کیا جانا چاہیے، سنیارٹی کو متنازع بنانے کا مقصد عدلیہ کی آزادی کو سلب کرنا ہے۔

ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے جعلی حکومت نے عدلیہ کے معاملات میں مداخلت کا راستہ ہموار کیا ہے۔بیرسٹرسیف نے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم اور پیکا ایکٹ میں ترمیم کا مقصد بھی اسی حکومت کو تحفظ فراہم کرنا ہے، جو آئین اور قانون کی خلاف ورزی کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان ”کالے قوانین” کا خاتمہ نہ کیا گیا تو ملک تباہی سے دوچار ہو جائے گا۔

مشیراطلاعات نے کہاکہ وکلا اور صحافی برادری کی جدوجہد میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور عدلیہ و صحافت کی آزادی پر کاری ضرب لگانے کی ہر ممکن مزاحمت کی جائے گی۔بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ عدلیہ اور صحافت کی آزادی کو سلب ہونے نہیں دیا جائے گا اور ان قوانین کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں