اشرف بھٹی

مکہ باہمی دفاعی معاہدے کے فریم ورک میںاقتصادی شراکت داری کو بھی شامل کیا جائے’ اشرف بھٹی

لاہور(نمائندہ خصوصی )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ باہمی دفاعی معاہدے کے تحت تشکیل دئیے جانے والے مشترکہ سیاسی و عسکری فریم ورک کو مزید جامع بنایا جائے اور اس میں معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو بھی شامل کیا جائے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مضبوط سیاسی و دفاعی روابط کے ساتھ اقتصادی شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ فریم ورک میں تینوں ممالک کے وزرائے تجارت، متعلقہ معاشی اداروں اور نجی شعبے کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے لیے عملی حکمت عملی مرتب ہو سکے۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ باہمی تجارت کے حجم میں کئی گنا اضافہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔تینوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں کم، بزنس ٹو بزنس روابط مضبوط اور مشترکہ صنعتی و ٹیکنالوجی منصوبوںکی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاشی فریم ورک کے تحت برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی، دفاعی پیداوار، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کا آغاز کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں