عمر گل

انگلش کنڈیشنز میں بولرز کو زیادہ ذمے داری اُٹھانا پڑے گی، عمر گل

لندن(نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کا کہنا ہے کہ انگلش کنڈیشنز میں زیادہ ذمے داری بولرز پر ہے۔لارڈز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ جب تک حریف ٹیم کے 20 کھلاڑی آؤٹ نہیں کریں گے میچ نہیں جیت سکتے۔عمر گل کا کپتان بابر اعظم کے بارے میں کہنا تھا کہ انہوں نے نیٹ پر بیٹنگ پریکٹس اور ڈرلز میں بھی حصہ لیا۔

بولنگ کوچ نے لیڈز ٹیسٹ میں شکست کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم پلیئنگ الیون درست کی گئی تھی لیکن جب ہم یہاں انگلش کنڈیشن میں آتے ہیں تو تھوڑا ٹائم چاہیئے ہوتا ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ ہم ویسٹ انڈیز سے گرمی میں کھیل کر آئے تھے مگر اس کے برعکس ہیڈنگلے کا موسم سرد تھا۔

عمر گل نے کہا کہ سرد موسم کے باعث فاسٹ بولرز قدرے سخت محسوس ہو رہے تھے اور انہیں ان حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے کچھ وقت درکار تھا۔عمر گل نے امید ظاہر کی کہ لیڈز میں ہمارے کھلاڑی تیار ہوں گے اور آج کا سیشن بھی کھلاڑیوں نے بھرپور کیا۔

شاہین شاہ آفریدی کی دوسرے ٹیسٹ میں عدم موجودگی سے متعلق سوال پر عمر گل نے کہا کہ انتخاب کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کا اختیار ہے۔واضح رہے کہ ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔ قومی ٹیم اب لارڈز میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کرنے کی کوشش کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں