سندھ ہائیکورٹ

صنعتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے خلاف 19 صنعتی اداروں کا سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

کراچی (نمائندہ خصوصی)کراچی انڈسٹریل سائٹ ایریا کے 19 صنعتی اداروں نے صنعتی علاقوں میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔عدالت نے کے الیکٹرک، نیپرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ نیپرا میں درخواست گزاروں کی شکایت پر کیا فیصلہ ہوا؟درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر راجا نوید نے عدالت کو بتایا کہ نیپرا نے شکایت پر کوئی ایکشن نہیں لیا اور درخواست زیر التوا ہے۔

ان کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے سفروں انجینئرنگ فیڈر پر روزانہ 10 سے 12 گھنٹے غیر اعلانیہ بجلی بند کی جارہی ہے، جس سے صنعتی سرگرمیاں، پیداوار اور کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بجلی کی بندش 12 سے 16 گھنٹے یومیہ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ صنعتی علاقے کو پانچ روز مسلسل بلیک آؤٹ اور بعد ازاں تقریباً 72 گھنٹے کی بندش کا بھی سامنا رہا۔درخواست میں کہا گیا کہ مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں کا بوجھ قانونی صنعتی صارفین پر نہیں ڈالا جا سکتا،

عدالت کے الیکٹرک کو قانونی صنعتی و کاروباری کنکشنز کی بجلی بحال رکھنے کا حکم دے۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ نیپرا کو فیڈر کے انٹرپشن لاگز، میٹر ریکارڈ اور لوڈ ڈیٹا کی آزادانہ جانچ کا حکم دیا جائے جبکہ نیپرا حکام کو صنعتوں کی زیر التوا شکایت پر فیصلہ جاری کرنے کی ہدایت کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں