عدالت

48 کلو چرس برآمدگی کیس، سندھ ہائیکورٹ نے ملزم کی 20 سال قید کی سزا کا معاملہ دوبارہ سماعت کے لیے بھیج دیا

کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ ہائیکورٹ نے منشیات رکھنے کے مقدمے میں سزا کے خلاف دائر اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم داد محمد کا کیس دوبارہ سماعت کے لیے ماتحت عدالت کو بھیج دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ کے حوالے سے ملزم کو اپنا دفاع پیش کرنے اور صفائی کا مؤقف بیان کرنے کا مناسب موقع نہیں دیا گیا۔جسٹس شمس الدین عباسی نے اپیل پر جاری حکم نامے میں لیبارٹری رپورٹ سے متعلق قانونی تقاضوں اور ملزم کو صفائی کا موقع فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔ عدالت نے مقدمہ دوبارہ سماعت کے لیے متعلقہ ماتحت عدالت کو بھجوا دیا۔استغاثہ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج وسطی نے ملزم داد محمد کو منشیات رکھنے کے مقدمے میں 20 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ملزم نے اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔مقدمے کے ریکارڈ کے مطابق ایکسائز پولیس نے ملزم کو ستمبر 2022 میں گورنمنٹ ڈگری کالج لیاقت آباد کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔ استغاثہ کا مؤقف تھا کہ ملزم کے زیرِ استعمال گاڑی سے 48 کلو چرس برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد اس کے خلاف منشیات رکھنے کا مقدمہ قائم کیا گیا۔ہائیکورٹ نے اپیل کی سماعت کے دوران لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ کے حوالے سے ملزم کو صفائی کا مناسب موقع نہ ملنے کے نکتے کو اہم قرار دیتے ہوئے مقدمہ دوبارہ سماعت کے لیے ماتحت عدالت بھیجنے کا حکم دیا۔مقدمے کی آئندہ کارروائی ماتحت عدالت میں ہوگی، جہاں ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں متعلقہ قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کی دوبارہ سماعت کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں