کراچی(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے آسٹریا کے صدر ڈاکٹر الیگزینڈر وان ڈیر بیلن اور آسٹریا کے عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے آسٹریا کے صدر کے نام اپنے خط میں کہا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان باہمی احترام، خیرسگالی اور امن کے مشترکہ عزم پر مبنی دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوستی کے رشتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔صدر مملکت نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی، جس سے پاکستان اور آسٹریا کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے اور باہمی روابط کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔



