محمد جاوید قصوری

27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر،بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت اور عالمی برادری کا ضمیر کو جھنجھوڑنے کا دن ہے’ جاوید قصوری

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی تسلط قائم کیے ہوئے ہے اور کشمیری عوام ظلم، جبر، تشدد اور بربریت کے باوجود اپنے بنیادی حقِ آزادی اور حقِ خود ارادیت کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں،27 اکتوبر کا دن کشمیریوں کے لیے بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت اور عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا دن ہے۔

انہوں نے27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں آباد مسلمان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیری عوام نے اپنے خون اور قربانیوں سے آزادی کی تحریک کو زندہ رکھا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں، سیاسی آزادیوں کو سلب کیا، اظہارِ رائے پر پابندیاں عائد کیں اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا۔ بھارتی ریاستی جبر اور بربریت کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کیا جا سکا۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور پاکستان کسی صورت کشمیر سے دستبردار نہیں ہوگا۔ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کشمیری عوام کی آواز کو بلند کیا ہے اور آئندہ بھی ہر عالمی و قومی فورم پر ان کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت صرف مقبوضہ کشمیر ہی میں نہیں بلکہ اپنے اندر بھی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات کا سامنا کر رہا ہے۔ اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک، مذہبی آزادیوں پر قدغنیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ عالمی طاقتوں کو دوہرے معیار ترک کرکے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں اور چارٹر کی پاسداری کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خود ارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ عالمی برادری کی خاموشی بھارتی ظلم و جبر کو تقویت دے رہی ہے، لہٰذا اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور پاکستان کے 25 کروڑ عوام ان شاء اللہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے اور سیاسی و سفارتی محاذ پر کشمیری عوام کے حق میں بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کشمیر کا مسئلہ صرف ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف اور حقِ خود ارادیت کا مسئلہ ہے، جس کا منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں