ملک محمد احمد خان

دہشتگردی سیاسی مسئلہ نہیں، جرم ہے، سرمایہ کار ہمارے ہیرو ہیں، ملک احمد خان

لاہور (نمائندہ خصوصی)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ماحول میں کسی بھی ملک میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا فروغ ممکن نہیں، پاکستان میں غیر یقینی حالات کے باوجود سرمایہ کاری کرنے والے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار ہمارے ہیرو ہیں، دہشتگردی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ ایک جرم ہے، جس کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات اور بھرپور مقابلہ ضروری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے کاروباری افراد اور تجارتی برادری خراج تحسین کی مستحق ہے۔دہشتگردی کا ایک واقعہ پوری معیشت، سٹاک مارکیٹ اور کاروباری ماحول کو متاثر کر سکتا ہے، اس کے باوجود ملک میں بڑے پیمانے پر صنعتوں اور دیگر کاروباروں میں سرمایہ کاری کرنا قابلِ قدر اقدام ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے دہشتگردی کے خلاف حکومت، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے عزم کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بندوق اٹھانے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کے ساتھ سیاسی حل تلاش نہیں کیا جا سکتا، بلکہ ایسے عناصر کا مقابلہ کرکے ان کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

ملک احمد خان نے ماضی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغان جہاد، سٹریٹجک ڈیپتھ اور بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کو پاکستان میں آباد کرنے جیسے فیصلوں کے اثرات آج سامنے آ رہے ہیں، ان پالیسیوں کے نتائج ملک اور آنے والی نسلیں کئی دہائیوں سے بھگت رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف موجودہ عزم کو برقرار رکھنا ضروری ہے، کیونکہ اس مسئلے نے پاکستانی عوام کو طویل عرصے سے خوف کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور کر رکھا ہے۔نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جتنے زیادہ انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں گے، ان کے لیے اتنے ہی زیادہ مالی وسائل اور بجٹ درکار ہوں گے، اس لیے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اخراجات اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں