نارووال (نمائندہ خصوصی) احسن اقبال نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کا سب سے بڑا ہتھیار تعلیم اور محنت ہے۔
اپنے آبائی حلقے نارووال میں پنجاب دھی رانی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے مستحق خاندانوں کو خوشی کے اس موقع پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی معاونت کو بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کا سب سے بڑا ہتھیار تعلیم اور محنت ہے، والدین اپنی اولاد کی تعلیم کو زندگی کا سب سے بڑا مشن بنائیں، کیونکہ تعلیم یافتہ نسل ہی خاندان کو غربت سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ والدین اس معاونت کو اپنی اولاد کی تعلیم اور ترقی پر خرچ کریں تاکہ آنے والی نسل خودکفیل بن سکے۔
اُنہوں نے کہا کہ نارووال میں اعلیٰ تعلیم کے تمام بڑے مواقع فراہم کر دیے گئے ہیں، اب میڈیکل، انجینئرنگ اور ایگریکلچر کی تعلیم بھی نارووال میں دستیاب ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تعلیم نوجوانوں کو کامیابی کے نئے آسمانوں تک پہنچائے گی، نئی نسل کو خودکفیل بنانے کے لیے تعلیم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت کی معاونت مستحق خاندانوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، والدین اپنی اولاد کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ غربت کا خاتمہ اور خوشحالی کا خواب حقیقت بن سکے۔



