اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد، نظریات اور حقوق کا احترام کرنے کا جذبہ درحقیقت برداشت کا اصل مفہوم ہے،حضرت محمد ۖکی سیرتِ طیبہ اور اسوہ حسنہ بھی صبر و برداشت اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کا عملی نمونہ ہے، مختلف مذاہب، روایات اور متنوع ثقافت پر مشتمل پاکستان کا معاشرہ باہمی تعاون اور برادشت سے ہی ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے، پاکستان کا ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع ہماری قوت اور قومی سرمایہ ہے۔
وزیر اعظم نے برداشت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ برداشت کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد، نظریات اور حقوق کا احترام کرنے کا جذبہ درحقیقت برداشت کا اصل مفہوم ہے۔انہوںنے کہاکہ اسلامی تعلیمات صبر و برداشت، ہمدردی، عدل و انصاف اور احترامِ انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حضرت محمد ۖکی سیرتِ طیبہ اور اسوہ حسنہ بھی صبر و برداشت اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کا عملی نمونہ ہے۔انہوںنے کہاکہ آئینِ پاکستان بلا تفریقِ رنگ و مذہب اور طبقہ فکر تمام شہریوں کو عزت، تحفظ اور یکساں مواقع اور قانون کی نظر میں مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ مختلف مذاہب، روایات اور متنوع ثقافت پر مشتمل پاکستان کا معاشرہ باہمی تعاون اور برادشت سے ہی ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے، پاکستان کا ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع ہماری قوت اور قومی سرمایہ ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری، اقلیتوں و کمزور طبقات کا تحفظ، نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام اور انسانی حقوق و امن کی تعلیم پر مبنی انسانی حقوق کے قومی لائحہ عمل پر کامیابی سے کاربند ہے۔ انہوںنے کہاکہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 کا نفاذ بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے قانونی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
ان قوانین کو مؤثر ادارہ جاتی تحفظ اور انصاف تک بامعنی رسائی کی صورت میں عملی جامہ پہنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوںنے کہاکہ برداشت اور رواداری کی ابتدا گھر کی تربیت سے ہوتی ہے اور اس کی افزائش و ترویج میں ہمارے تعلیمی اداروں، عبادت گاہوں ، معاشرتی حلقوں کا کلیدی کردار ہے۔انہوںنے کہاکہ علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ، سول سوسائٹی، سرکاری اداروں اور ہر شہری، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تعصب کو مسترد کریں، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں اور نفرت و تشدد کے خلاف اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔



