نارووال(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ جو قومیں آپس میں برسرپیکار ہوں انکو کسی دشمن کی ضرورت نہیں،نوجوان تعلیم کے ذریعے معاشرے کو تبدیل کریں، ہمیں اپنی ریسرچ کا دائرہ وسیع کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال میں 850ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے آڈیٹوریم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اس یونیورسٹی کا پورا فن تعمیر ہم نے اندلس سے لیا ہے اور یہ وہ دور تھا جب تعلیم کے تمام تر شعبہ جات میں مسلم سائنسدانوں کا نام تھا،ہم علم اور فکر کی اس کھوئی ہوئی روایت کو زندہ کرنا چاھتے ہیں۔آج امت مسلمہ کی بدحالی کی بڑی وجہ اپنی اس تعلیمی میراث اور روایت سے ہٹ جانے کی وجہ سے ہے۔ہم کو کتابی ریسرچ سے نکل کر سماجی ترقی اور ضروریات سے متعلق ریسرچ کی طرف جانا ہوگا تاکہ ہم معاشرے اور ملک کی ضروریات کو پوراکرسکیں۔ہمیں اپنی ریسرچ کا دائرہ وسیع کرنا چاہیے ۔یونیورسٹی کے اساتذہ کے لئے کے پی آئیز مرتب ہونے چاہئیں جن کی بنیاد پر اساتذہ کی ریسرچ اینڈ انوویشن کے فیلڈ میں کارکردگی کو جانچا جائے۔بچوں کو لائف لانگ لرننر اور مسائل کا حل نکالنے والے بنانا ہوگا۔انکا مزید کہنا تھا کہ آج آرٹیفیشل انٹیلی جنس دنیا کو بدلنے کے لئے تیار ہے اگلے سال تیز ترین ایجادات کے سال ہیں اگلے سالوں میں پاکستان نے اپنا راستہ آپ نوجوانوں کو جدید ترین تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرکے بنانا ہے،میں جب بھی کسی تقریب میں جاتا تھا تو میرے ذہن میں یہ سوال ضرور ابھرتا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ اسکا جغرافیہ کرے گا یا اس کا ٹیلنٹ کرے گا،میرا یہ ایمان ہے کہ انسان کے مستقبل کا تعین اسکا جغرافیہ نہیں بلکہ اسکی اہلیت کرتی ہے۔
ہم ویژن 2025ء کے تحت پاکستان کے پسماندہ ترین علاقوں میں یونیورسٹیوں کا جال بچھایا تاکہ کسی غریب کی بیٹی یا بیٹا ٹرانسپورٹ اور ہاسٹل کے اخراجات اور گھر سے دور جانے کی بنیاد پر اپنے تعلیمی سفر کو ختم نہ کریں۔ میری ترقی کی بنیاد تعلیم ہے پیسہ نہیں۔نارووال کی عوام نے میری تعلیم کی بنیاد پر میرا انتخاب کیا آج میں نے دنیا کی تعلیم کے بہترین مواقع نارووال کی دہلیز پر میسر کرکے اپنا فرض ادا کردیا ہے۔وہ دن دور نہیں جب یونیورسٹی آف نارووال میں بیرون ملک سے بھی بچے تعلیم حاصل کرنے کے لئے آئیں گے۔ مجھے نارووال کو کھیلوں کی بہت بڑی سہولت مہیا کرنے پر پابند سلاسل کیا گیا،میرا یہ ماننا ہے کہ ترقی پل صرف بڑے شہروں کا حق نہیں ترقی پسماندہ علاقوں کا بھی حق ہے،آئندہ چند ماہ میں ہم مختلف کھیلوں کے قومی سطح کے کوچز کو بھی نارووال سپورٹس سٹی میں بلائیں گے تاکہ ہمارے بچوں کو بین الاقوامی سطح کی تربیت انکے اپنے گھر میں میسر آسکے۔
یونیورسٹی آف نارووال وومن ایمپاورمنٹ کی زندہ مثال ہے۔نارووال میڈیکل کالج نے یونیورسٹی اف ہیلتھ سائنسز کے سالانہ امتحانات میں 100فیصد رزلٹ دے کر پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔طلبا سے مخاطب ہوتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ آپ سب اپنے اپنے شعبہ جات میں دل لگا کر محنت کریں،خود کو لائف لانگ لرنر بنائیں اور جدید تحقیق کی دنیا میں اپنا نام پیدا کریں،عزیز طلبا اعلی تعلیم آپ کو جستجو،مقالمہ اورجہد مسلسل کی تربیت دیتی ہے۔میں آپکو باخبر کرنا چاھتا ہوں کہ آج کے دور کا سب سے بڑا خدشہ فیک نیوز ہے،سوشل میڈیا کے ذریعے آپکو مختلف قسم کے نفرت آمیز ریووں کی طرف ابھارا جارہا ہے،آپکی تعلیم کا مقصد یہ ہے کہ آپ نفرت آمیز رویوں اور پیغامات کو فلٹر کریں اور اپنی مثبت سوچ کے ساتھ اسکا مقابلہ کریں۔جوقومیں آپس میں برسرپیکار ہوتی ہیں انکو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوتی۔
اس نفرت آمیز رویے اور منفی پراپیگنڈے کت نتیجے کے طور پر 2018ء میں میرے اوپر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔انکا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی ایک عظیم تجربہ گاہ ہوتی ہے،یہاں اپنے تعلیمی سفر میں سوال کریں سیکھیں اور خود کو کتابوں تک محدود نہ رکھیں،محنت کریں اور اپنا جہان پیدا کریں۔اس یونیورسٹی میں آپکے لئے ینگ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ پلیٹ فارم کا حصہ بنیں اور اپنی امن ترقی اور تعلیم کے ذریعے معاشرے کو تبدیل کریں۔آپ کی نسل کو جنریشن زی بھی کہا جاتا ہے،1940ء میں آپ جیسے نوجوان ہے لاہور میں اکٹھے ہوئے تھے اور قائداعظم کی قیادت میں تمام تر وسائل کی قلت کے باوجود پاکستان حاصل کرلیا تھا،اب اپ جنریشن 47بننے جارہے ہیں جو 2047 میں پاکستان کی آزادی کا سوسالہ جشن منائیں گے،اس لئے عہد کرو کہ اگلے 20سال اپنی محنت لگن اور جدو جہد سے اپنے ملک کو صف اول کی معیشت بنانے میں کامیاب ہوں۔
میں یونیورسٹی انتظامیہ کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یونیورسٹیز میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کا 100فیصد تدارک ممکن بنا کر یونیورسٹی آف نارووال کو ڈرگز فری یونیورسٹی بنانا ہے۔اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال کے فائن آرٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے لگائی جانے والی نمائش میں طلبا کی جانب سے رکھے جانے والے مختلف فن پاروں کا معائنہ بھی کیا گیا۔بعد ازاں احسن اقبال نے یونیورسٹی آف نارووال ریسرچ اینڈ انوویشن سٹریٹجی ڈویلپمنٹ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔



